پنڈی گھیب میں گیس سلنڈر دھماکا، باپ اور دو بیٹیاں جاں بحق، والدہ شدید زخمی
اٹک سے تقریباً 90 کلومیٹر دور تحصیل پنڈی گھیب کے گاؤں سرگ میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 45 سالہ فخر زمان ولد میاں محمد اور ان کی 17 اور 19 سالہ دو بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کی والدہ شدید زخمی ہو گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے شدید زخمی خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ان کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے راولپنڈی کے ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور دھماکے سے متعلق شواہد اکٹھے کر لیے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واقعے میں باپ اور دو بیٹیوں کی المناک موت سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔