پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ، اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، موٹرویز اور جی ٹی روڈ بند، فیض آباد کے ہوٹلز بھی بند کرا دیے گئے

پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ، اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، موٹرویز اور جی ٹی روڈ بند، فیض آباد کے ہوٹلز بھی بند کرا دیے گئے

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، متعدد اہم شاہراہیں بند، فیض آباد میں ہوٹلز اور ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کے احکامات جبکہ پشاور میں سول سیکرٹریٹ اور فاٹا سیکرٹریٹ خالی کرا لیے گئے ہیں۔

ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق موٹروے M-1 صوابی سے اسلام آباد ٹول پلازہ تک دونوں اطراف بند ہے، جبکہ M-14 حکلہ سے یارک تک مکمل بند ہے۔ ہزارہ موٹروے E-35 جھاری کس سے برہان تک بند ہونے کی اطلاع ہے۔

جی ٹی روڈ اٹک پل اور اٹک خورد کے مقام پر دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹیکسلا سے سنگجانی، ترنول اور 26 نمبر چونگی تک راستہ کھلا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ M-2 پر کوٹ مومن سے اسلام آباد کی جانب بھاری گاڑیوں کا داخلہ محدود ہے۔

اسلام آباد میں ٹریفک رواں دواں، فیض آباد میں کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت

ٹریفک اپڈیٹ کے مطابق اسلام آباد شہر کے اندرونی راستے کھلے ہیں اور ٹریفک رواں دواں ہے، جبکہ میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر فعال بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے فیض آباد اڈے کے اطراف تمام ہوٹلز بند کرا دیے گئے ہیں۔ ریسٹورنٹس اور دکانداروں کو آج شام تک کاروبار بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ مسافر خانے اور ٹرانسپورٹ اڈے بھی رات تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پشاور میں سرکاری دفاتر خالی، سول سیکرٹریٹ میں داخلے پر پابندی

پشاور میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ اور فاٹا سیکرٹریٹ خالی کرا لیے گئے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ میں داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

مسافروں کے لیے خصوصی ہدایات

اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو روانگی سے قبل راستوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے اور اضافی وقت لے کر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری بین الاضلاعی سفر مؤخر کرنے اور ٹریفک پولیس و سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے راستوں کی بندش اور ڈائیورژن میں تبدیلی کے پیش نظر شہریوں کو تازہ ترین ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں