پشاور بورڈ کا انوکھا کارنامہ، نابینا طالبعلم پر نقل کا کیس بنا کر امتحان سے نااہل قرار دے دیا، انصاف کے لیے دربدر
پشاور تعلیمی بورڈ کا انوکھا کارنامہ سامنے آگیا، بینائی سے محروم طالبعلم کے خلاف مبینہ طور پر یو ایف ایم (UFM) کیس بنا کر اسے امتحان سے نااہل قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امتحان میں نابینا طالبعلم کی معاونت کے لیے آٹھویں جماعت کے ایک طالبعلم کو مقرر کیا گیا تھا، جس نے امتحانی پرچہ حل کیا، تاہم امتحانی عملے نے مبینہ طور پر نابینا امیدوار کو بھی نااہل قرار دے دیا۔
متاثرہ طالبعلم انصاف اور داد رسی کے لیے بورڈ انتظامیہ کے پاس پہنچا تو الزام ہے کہ کنٹرولر امتحانات نے اس کی شکایت سننے سے انکار کر دیا۔ طالبعلم کے مطابق بورڈ انتظامیہ نے موقف پیش کرنے اور انصاف کی درخواست کے لیے آنے والے متاثرہ امیدوار کے لیے مرکزی گیٹ بھی بند کر دیا۔
بینائی سے محروم طالبعلم انصاف کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، جبکہ بورڈ انتظامیہ کی جانب سے معاملے پر باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔