27 ستمبر کو قانون ہاتھ میں لینے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، پرامن احتجاج کی اجازت ملی تو پولیس تحفظ فراہم کرے گی، آئی جی پنجاب
لاہور: آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، جبکہ پرامن احتجاج کی اجازت ملنے کی صورت میں پولیس مظاہرین کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کو واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ اگر کوئی اہلکار قانون ہاتھ میں لیتا ہے تو اس کے خلاف درخواست دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی معاملے کی انکوائری کی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف آئی آرز کے فونٹ سائز سے متعلق سوال پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ یہ اہم معاملہ تھا، عدالت کی ہدایات موصول ہو چکی ہیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔