پشاور میں ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کا تاریخی کریک ڈاؤن، 960 کلوگرام منشیات برآمد

پشاور میں ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کا تاریخی کریک ڈاؤن، 960 کلوگرام منشیات برآمد

پشاور میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے انٹیلی جنس بیورو نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ایک ٹن منشیات برآمد کرلی۔ حکام کے مطابق ایک ہی کارروائی میں 720 کلوگرام چرس اور 240 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی پراونشل انچارج عاکف نواز خان کی سربراہی میں تین خصوصی ایکسائز ٹیموں نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی۔ جہاز چوک کے قریب ناکہ بندی کے دوران سندھ رجسٹریشن نمبر SB-5069 والی مشتبہ ٹویوٹا ریو گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ایکسائز ٹیموں نے تعاقب کرتے ہوئے رنگ روڈ کے قریب گاڑی کو قابو کرلیا۔

حکام کے مطابق گاڑی سے مجموعی طور پر 960 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی، جس میں 720 کلوگرام چرس اور 240 کلوگرام افیون شامل ہے۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے ملزم نے ایکسائز ٹیم پر شدید فائرنگ اور مزاحمت کی اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

واقعے کا مقدمہ ایکسائز تھانہ پشاور میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ مفرور ملزم اور منشیات کے کاروبار میں ملوث دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔

وزیر ایکسائز سید فخر جہان نے ایکسائز انٹیلی جنس بیورو کی کارروائی کو شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے لیے صوبے میں کوئی جگہ نہیں اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سید فخر جہان کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر اور مافیاز قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، جبکہ صوبے سے منشیات کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں