سینٹورس مال انتظامیہ کو مختص 8 کنال عارضی جگہ کی اجازت منسوخ، سات روز میں جگہ خالی کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سینٹورس مال انتظامیہ کو بلیو ایریا میں پلاٹ نمبر ایک کے قریب مختص 8 کنال عارضی جگہ کے استعمال کی اجازت منسوخ کرتے ہوئے سات روز میں جگہ خالی کرنے کی ہدایت کردی۔
سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ عارضی سائٹ سینٹورس مال انتظامیہ کو مارکیٹنگ دفاتر اور دیگر متعلقہ مقاصد کے لیے دو سال کی مدت کے لیے مختص کی گئی تھی، تاہم اجازت کی مدت مکمل ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کرائی گئی۔
سی ڈی اے کی معائنہ ٹیم نے عارضی جگہ کا معائنہ کیا تو وہاں کوئی مارکیٹنگ دفتر موجود نہیں تھا، جبکہ کنٹینرز میں مزدوروں کی رہائش اور بیت الخلا قائم کیے گئے تھے۔ معائنے کے دوران عارضی مسجد، وضو خانہ اور بیڈمنٹن کورٹس بھی موجود پائے گئے جبکہ تعمیراتی سامان بھی جگہ پر ذخیرہ کیا گیا تھا۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ عارضی جگہ کا استعمال اجازت نامے میں درج شرائط کے خلاف کیا گیا، جس کی بنیاد پر اجازت منسوخ کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے سینٹورس مال انتظامیہ کو 4 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق مقررہ سات روز کے اندر جگہ خالی نہ کی گئی تو عارضی سائٹ کو انتظامیہ کے خرچ پر کلیئر کر دیا جائے گا۔