کوہاٹ پولیس لائنز دھماکا، آئی جی خیبرپختونخوا کا جائے وقوعہ کا دورہ، کلیئرنس آپریشن پر بریفنگ
کوہاٹ: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس لائنز میں دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام سے کلیئرنس آپریشن سمیت صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے موقع پر موجود جی او سی کوہاٹ، آر پی او، ڈی پی او کوہاٹ سمیت پولیس فورس کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، انہیں شاباش دی اور حوصلہ بڑھایا۔
آئی جی پی نے آپریشن کی کمانڈ کرنے والے افسران، آئی جی سی ٹی ڈی اور اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم سے بھی ملاقات کی اور آپریشن کی تازہ ترین صورتحال اور پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں، جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ خوارج کے خلاف بھرپور کارروائی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوان زخمی شیر کی مانند خوارج پر جھپٹنے کو تیار ہیں۔