کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، افتخار گیلانی

کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، افتخار گیلانی

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، اپنا مؤقف پیش کرنے کا بہترین طریقہ دلیل، تحقیق اور ٹھوس شواہد کے ساتھ اپنا مقدمہ سامنے رکھنا ہے جبکہ اختلافِ رائے ایک مثبت اور باشعور معاشرے کی علامت ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی شہزاد احمد راٹھور کی کتاب ’’تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بسنے والے کشمیری بھی ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔

تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور سینئر صحافی سید خالد گردیزی سمیت دیگر نے کتاب کی رونمائی کی۔

وزیراعظم نے کتاب کے مصنف شہزاد احمد راٹھور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتاب میں مصنف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف لوگوں کے نظریات کو یکجا کرتے ہوئے 1947 سے اب تک کے حالات و واقعات کو موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنف نے کتاب میں اپنا مؤقف پیش کرکے اس پر قائم رہنے کی کوشش کی، جو اپنا مقدمہ پیش کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ بڑی جنگیں اور معرکے جذبات، حوصلے اور جنون سے جیتے گئے ہیں۔ معرکۂ حق میں اللہ رب العزت کی مدد کے ساتھ جذبات، حوصلے اور جنون نے فتح دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کشمیریوں میں آزادی کے لیے جذبہ اور جنون موجود ہے، جس نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے اندر ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ ایل او سی کے دوسری جانب رہنے والے کشمیری ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔

اس موقع پر نیشنل پریس کلب آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، سابق سیکرٹری اکرم سہیل، سابق اٹارنی جنرل راجہ نیاز راٹھور، عامر محبوب، شکیل راٹھور، یوسف نسیم، عابد عباسی، صاحبزادہ ذوالفقار علی، چوہدری جاوید اور خالد گردیزی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں