اٹک: فتح جنگ میں کم اونچائی والا بھاری پلر ڈمپر پر گر گیا، ڈرائیور اور کنڈکٹر جاں بحق
اٹک : تحصیل فتح جنگ کے گاؤں پسوال کے قریب مبینہ طور پر سرکاری اداروں کی غفلت کے باعث سڑک کے اوپر نصب کم اونچائی والا منوں وزنی کنکریٹ کا پلر ڈمپر پر گر گیا، جس کے نتیجے میں ڈمپر میں سوار ڈرائیور اور کنڈکٹر بری طرح کچلے جانے سے جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت 36 سالہ زبیر ولد سفیر اور 49 سالہ عبدالقادر ولد زرداد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ٹیکسلا کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے کرین کی مدد سے ڈمپر پر گرے بھاری پلر کو ہٹایا اور گاڑی میں پھنسے ڈرائیور اور کنڈکٹر کی لاشیں نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال فتح جنگ منتقل کر دیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق سڑک کے اوپر نصب پلر کی کم اونچائی کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ تاہم، واقعے میں مبینہ غفلت کے ذمہ دار سرکاری اہلکاروں کے خلاف تاحال کسی کارروائی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔