اٹک میں 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل سخت اقدامات، پی ٹی آئی رہنما نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی
اٹک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور انہیں قانونی سہولیات کی فراہمی کے لیے دی گئی احتجاج کی کال سے قبل اٹک میں انتظامیہ اور پولیس نے اقدامات سخت کردیے۔ ذرائع کے مطابق متعدد افراد کو گرفتار کرکے ایک ماہ کی نظر بندی کے لیے جیل بھیجا گیا، جبکہ بعض کو ڈسٹرکٹ جیل بھکر منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ گرفتار افراد کے لواحقین نے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اٹک خورد چیک پوسٹ سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے راستوں پر کنٹینرز لگانے اور ریت و کرش سے بھرے تھیلوں کے ذریعے رکاوٹیں قائم کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب سابق ضلعی ترجمان پی ٹی آئی عمران خان حضروی نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور خواتین سے مبینہ بدسلوکی کو وجہ قرار دیتے ہوئے سیاست سے مستقل کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مقدمات کا سامنا کرتے رہیں گے، تاہم آئندہ سیاست سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔