پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو 20 ستمبر کو ہر قافلہ اسلام آباد جائے گا، حافظ نعیم الرحمن
بٹ خیلہ/تیمرگرہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرول پر وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ ریلیف پیکیج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک دھرنے ختم ہوں گے نہ اسلام آباد مارچ سے دستبردار ہوں گے۔
بٹ خیلہ اور تیمرگرہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کی میز پر عوام کی آواز نہیں سنی گئی تو سڑکوں پر احتجاج اور حکمرانوں کے گھیراؤ کے ذریعے فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو ہر قافلہ اور ہر کارواں اسلام آباد کی طرف جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اسلام آباد مارچ روکنا چاہتی ہے تو فوری طور پر پٹرول پر عائد لیوی ختم کرے، عوام کو مکمل ریلیف دے، حکمرانوں کی شاہ خرچیاں کم اور سودی نظام کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ریلیف پیکیج عوامی مطالبات کے مقابلے میں ناکافی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری دھرنوں میں عوام کی شرکت روز بروز بڑھ رہی ہے اور یہی عوامی دباؤ ہے جس کے نتیجے میں حکومت کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ گلی گلی اور محلے محلے عوام سے رابطہ کرکے انہیں بتایا جائے کہ یہ جدوجہد کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی اصل قیمت سے تعلق نہیں، حکومت ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے، کرپشن اور نااہلی کا بوجھ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے ذریعے عوام پر ڈال رہی ہے۔ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کے نام پر اربوں روپے وصول کیے گئے، مگر عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ان رقوم سے کیا اقدامات کیے گئے۔
امیر جماعت اسلامی نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، مالاکنڈ ڈویژن، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں حالات تشویشناک ہیں جبکہ کراچی میں بھتہ خوری دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکمران اپنے مفادات کے لیے اکٹھے ہوسکتے ہیں تو ملک میں قیام امن کے لیے بھی مل کر مسئلے کا حل نکالیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے سودی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سودی شرح میں کمی سے قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جاسکتا ہے اور پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ممکن ہے۔ انہوں نے حکمران طبقے کی شاہ خرچیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام پٹرول، بجلی اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں اور دوسری جانب حکمران مفت پٹرول، بجلی اور دیگر مراعات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، بینکوں، آئی پی پیز، ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مافیاز عوام کا خون چوس رہے ہیں، جماعت اسلامی ان مافیاز کے خلاف جدوجہد تیز کرے گی۔ حکومت نے اسلام آباد مارچ روکنے کے لیے کنٹینر کھڑے کیے تو کارکن راستے تلاش کرکے آگے بڑھیں گے، عوامی سیلاب کے آگے رکاوٹیں نہیں ٹھہریں گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ طلبہ، مزدوروں، کسانوں اور عام عوام کا اتحاد تبدیلی کی جانب پیش رفت ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اسلام آباد پہنچیں گے، تمام رکاوٹیں عبور کریں گے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔