اسلام آباد کے کرائم رپورٹر اور ممبر گورننگ باڈی NPC کی رانا عثمان کی گرفتاری پر نیشنل پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری کا شدید احتجاج، پولیس اہلکاروں کی معطلی کا مطالبہ

ممبر گورننگ باڈی نیشنل پریس کلب رانا عثمان کی گرفتاری پر شدید احتجاج، پولیس اہلکاروں کی معطلی کا مطالبہ

اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے ایسوسی ایشن آف کرائم اینڈ انٹیریئر رپورٹرز کے جنرل سیکرٹری اور نیشنل پریس کلب کے ممبر گورننگ باڈی رانا عثمان کی تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اور حوالات میں بند کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد سے ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی اور متعلقہ تفتیشی افسر کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین نے اپنے ردعمل میں کہا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنا، بغیر کسی جرم کے گرفتار کرنا یا ان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف اس نوعیت کے اقدامات آزادیٔ صحافت اور صحافتی ذمہ داریوں کی آزادانہ انجام دہی میں رکاوٹ کے مترادف ہیں۔ نیشنل پریس کلب کی کابینہ نے واضح کیا کہ صحافی برادری کے حقوق، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔

نیشنل پریس کلب نے خبردار کیا کہ اگر اس معاملے پر فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو دیگر صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر غور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں