بریکنگ نیوز
پیٹرول لیوی ختم نہ کی گئی تو 10 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے، حافظ نعیم الرحمن
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی دراصل بھتہ ٹیکس ہے، اسے فوری ختم کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے۔ حکومت نے جماعت اسلامی کے مطالبات اور تجاویز تسلیم نہ کیں تو 10 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنے کے 24ویں روز جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اور ملک بھر میں دھرنے جاری رہیں گے۔ حکومت نے مطالبات مان لیے تو ان پر عمل درآمد تک دھرنے ختم نہیں ہوں گے، جبکہ مطالبات مسترد ہوئے تو ملک بھر سے عوام کو ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کی کال دی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران نوشتۂ دیوار پڑھ لیں، پیٹرول لیوی کا بھتہ ٹیکس ختم کریں اور عوام کو حقیقی ریلیف دیں۔ ان کے مطابق 10 ستمبر کو حکومتی مذاکراتی ٹیم سے مطالبات اور تجاویز پر پیش رفت دریافت کی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 9 ستمبر کو گورنر ہاؤس سندھ اور 11 ستمبر کو گوجرانوالہ میں خواتین کے بڑے جلسے منعقد ہوں گے۔ ملک کے 32 شہروں میں دھرنے جاری ہیں اور کراچی میں دھرنے کے شرکاء 24 روز سے احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر اضافہ کیا، جس کی جماعت اسلامی شدید مذمت کرتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اپنی جگہ، تاہم پیٹرولیم لیوی کے نام پر اضافی بوجھ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے اشیائے خورونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوتی ہے، غریب طبقہ پہلے ہی مختلف مدات میں بھاری ٹیکس ادا کر رہا ہے، جبکہ بڑی زمینوں کے مالکان معمولی ٹیکس دیتے ہیں۔
صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی مغوی پاکستانیوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں سے بھی بات کی گئی ہے، حکومت فوری طور پر مغوی پاکستانیوں کی بازیابی یقینی بنائے۔
انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے مغویوں کے اہل خانہ پر مبینہ تشدد کی بھی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے معاملے کا ازالہ کرنے اور وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سے بھی جماعت اسلامی کے دھرنے کے حوالے سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جلسے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ڈپٹی سیکریٹری کراچی عبدالرزاق خان اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی سمیع الحق نے بھی خطاب کیا۔
سیف الدین ایڈوکیٹ نے الزام عائد کیا کہ ملک میں حکمران طبقے کے درمیان چوری کا مقابلہ جاری ہے، جبکہ کراچی بدترین شہری حالات کا شکار ہے۔ محمد فاروق نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف قرارداد منظور کرکے عوامی جدوجہد کو تسلیم کیا گیا ہے۔