اٹک: محکمہ زراعت کا فیلڈ اسسٹنٹ 25 ہزار روپے مبینہ رشوت لیتے ہوئے گرفتار
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی ریجن، ضلع اٹک نے محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹ ساجد صدیقی کو مبینہ طور پر 25 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے ٹریپ ریڈ کے دوران گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی مجسٹریٹ و سول جج اٹک چوہدری عبدل خان کی نگرانی میں کی گئی۔ کارروائی میں سرکل آفیسر اینٹی کرپشن اٹک انسپکٹر پولیس جہانزیب خان کے علاوہ محرر محمد عمران، مسعود اختر، اویس احمد اور اے ایس آئی یاسر منیر پر مشتمل ٹیم نے حصہ لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی کے دوران فیلڈ اسسٹنٹ محکمہ زراعت اٹک ساجد صدیقی کے قبضے سے مبینہ رشوت کی رقم 25 ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق لیاقت علی ولد رحمت علی، سکنہ خاقان آباد حاجی شاہ نے اینٹی کرپشن حکام کو درخواست دی تھی کہ وہ رومیاں میں اپنی زمین ہموار کروانے کے لیے محکمہ زراعت سے سرکاری بلڈوزر مشین حاصل کرنا چاہتے تھے، جس کے لیے انہوں نے فیلڈ اسسٹنٹ ساجد صدیقی سے رابطہ کیا۔
درخواست گزار کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر کہا کہ بلڈوزر مشین فراہم کرنے اور کیس آگے بھجوانے کے لیے پہلے 25 ہزار روپے بطور رشوت ادا کرنا ہوں گے، جبکہ کام مکمل ہونے کے بعد مزید رقم کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کے لیے بلڈوزر مشین کے استعمال پر سبسڈی دی گئی ہے اور وہ ایک غریب کسان ہونے کے باعث سرکاری پالیسی کے مطابق سہولت حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم مبینہ طور پر رشوت کے مطالبے کے باعث انہوں نے اینٹی کرپشن حکام سے رجوع کیا۔
اینٹی کرپشن نے درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی اور ساجد صدیقی کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت سے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔