ایبٹ آباد: نتھیاگلی کے سیاحتی مقام مشکپوری ٹاپ پر لاپتہ ہونے والی 5 افراد پر مشتمل فیملی کو پولیس نے کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت تلاش کر لیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر سیاحوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ مشکپوری ٹاپ پر 5 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور تلاش کا عمل شروع کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاپتہ افراد میں تین خواتین اور دو مرد شامل تھے، جن کا تعلق پشاور سے بتایا گیا ہے۔
لاپتہ افراد میں محمد عثمان عمر 29 سال، فرید رضوان عمر 45 سال، شبانہ رفیق عمر 40 سال، سنیلہ عثمان عمر 27 سال اور سعدیہ فرید عمر 34 سال شامل تھے۔
پولیس ٹیموں نے مسلسل اور مؤثر سرچ آپریشن کے بعد تمام پانچوں افراد کو بحفاظت تلاش کر لیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ایبٹ آباد پولیس کے مطابق بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر سرچ آپریشن کے باعث پانچوں افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے سیاحوں اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔