اسلام آباد ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر 1 پر مشکوک گاڑی پر اے ایس ایف کی فائرنگ، 2 افراد زخمی
اسلام آباد: نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر 1 پر مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ 3 ستمبر کو رات تقریباً ساڑھے 12 بجے پیش آیا۔ اے ایس ایف اہلکاروں نے میرہ گاڑی نمبر AMW-287 کو گیٹ نمبر 1 پر روکنے کی کوشش کی، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے رفتار بڑھا کر گیٹ عبور کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی میں سوار ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پمز ہسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاع ہے، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد اے ایس ایف اور مقامی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور فائرنگ کی وجوہات کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔