میر شکیل الرحمان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کو قانونی نوٹس، پریس کلب کی شدید مذمت

میر شکیل الرحمان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کو قانونی نوٹس، پریس کلب کی شدید مذمت

کراچی (پ ر) کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اسلم خان، نائب صدر ارشاد کھوکھر، جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع، خازن عمران ایوب اور مجلس عاملہ کے اراکین نے جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کو قانونی نوٹس بھجوائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں عہدیداران اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کراچی پریس کلب اور اس کی منتخب قیادت نہ صرف میڈیا ورکرز کی اجتماعی آواز ہے بلکہ آزادی صحافت اور آزادی اظہارِ رائے کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمان اپنا ماضی بھول گئے ہیں۔ جب بھی وہ یا جنگ، جیو گروپ کے صحافی حکومتی عتاب کا شکار ہوئے، کراچی پریس کلب نے ہر فورم پر ان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آواز بلند کی اور ان کے کیس کی حمایت کی۔

کراچی پریس کلب کے رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج وہی میر شکیل الرحمان ایک جانب میڈیا ورکرز کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کر رہے ہیں اور دوسری جانب ان اقدامات کی نشاندہی کرنے پر کراچی پریس کلب کی منتخب قیادت کو قانونی نوٹس بھجوا کر اس کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق، آزادی صحافت اور آزادی اظہارِ رائے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کراچی پریس کلب اپنے منتخب صدر فاضل جمیلی اور تمام میڈیا ورکرز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

پریس کلب کی قیادت نے خبردار کیا کہ اگر قانونی نوٹس واپس نہ لیا گیا تو کراچی پریس کلب اپنے منتخب صدر فاضل جمیلی کی مبینہ کردار کشی کے خلاف سخت احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہوگا۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی، وکلا تنظیموں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر قانونی کارروائی کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں