پاکستانی طلبہ نے سنگاپور میں عالمی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز میں ملک کا نام روشن کردیا 8 بیسٹ ڈپلومیسی ایوارڈز اور 2 بہترین تقریر کے اعزازات اپنے نام کرلیے

پاکستانی طلبہ نے سنگاپور میں عالمی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز میں ملک کا نام روشن کردیا

8 بیسٹ ڈپلومیسی ایوارڈز اور 2 بہترین تقریر کے اعزازات اپنے نام کرلیے

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور فیڈرل ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن (فیرا) کے تعاون سے گلوبل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز سنگاپور میں ورلڈ چیمپئن اور بیسٹ ڈیلیگیشن کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی طلبہ کی شاندار عالمی کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ویسٹ منسٹر اسکول کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شایان خان نے بتایا کہ پاکستانی طلبہ نے گلوبل ماڈل یونائیٹڈ نیشنز میں مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی مسائل پر مباحثوں، سفارتی مذاکرات، پالیسی سازی اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی وفد میں شامل زیادہ تر طلبہ کی عمریں 12 سے 14 سال تھیں، تاہم کم عمری کے باوجود انہوں نے بڑی عمر کے طلبہ کے ساتھ انتہائی مسابقتی ماحول میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی طلبہ کے 10 رکنی وفد نے سنگاپور میں 50 سے زائد ممالک کے 700 سے زائد طلبہ کے درمیان نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 8 بیسٹ ڈپلومیسی ایوارڈز اور 2 بہترین تقریر کے اعزازات حاصل کیے۔

تقریب میں طلبہ نے کہا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز جیسے عالمی فورمز نوجوانوں میں خود اعتمادی، سفارت کاری، مکالمے، ٹیم ورک اور عالمی مسائل کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بھرپور صلاحیت موجود ہے اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرسکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر قومی و عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ نوجوانوں کو عالمی تعلیمی، سفارتی اور علمی پلیٹ فارمز تک رسائی کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں