پاکستان کی سفارتی کوششیں، آرمی چیف اور وزیر داخلہ کا ایران کا اہم دورہ مسعود پزشکیان، محسن رضائی، باقر قالیباف،عباس عراقچی اسکندر مومنی سے اہم ملاقاتیں

پاکستان کی سفارتی کوششیں، آرمی چیف اور وزیر داخلہ کا ایران کا اہم دورہ

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا۔ دورہ جاری امریکا۔ایران تنازع کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم لیڈر کے نمائندے برائے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جاری تنازع کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔

ایرانی قیادت نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں