فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران پہنچ گئے، خطے میں امن و استحکام پر اہم مشاورت
اسلام آباد/تہران: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں اعلیٰ ایرانی حکام سے اہم ملاقاتیں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر روانہ ہوئے۔
تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں پاکستانی رہنماؤں اور ایرانی وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کا بنیادی مقصد خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ اس دوران مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے کوششوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سفارتی ذریعے نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ تاہم پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کو عمان کے وزیر خارجہ بدر بن البوسعیدی کے دورۂ ایران سے کسی باقاعدہ تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں دوروں کا ایک ہی وقت میں ہونا محض اتفاق ہے۔
دورے کے دوران علاقائی سلامتی، کشیدگی میں کمی، امن و استحکام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے سفارتی و پُرامن حل کے لیے مسلسل کوششوں پر زور دیتا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا موجودہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔