اسلام آباد: پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی اور قومی خدمات پر مبنی نایاب فوٹوگرافی کرانیکل پیش کردیا۔
پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی جانب سے پیش کیے گئے اس خصوصی فوٹوگرافی کرانیکل میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سیاسی جدوجہد، قیامِ پاکستان کی تاریخی تحریک اور مختلف اہم قومی مواقع سے متعلق نایاب اور تاریخی تصاویر کو اجاگر کیا گیا ہے۔
فوٹوگرافی کرانیکل کا مقصد نئی نسل کو قائداعظم کی شخصیت، سیاسی بصیرت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد سے روشناس کرانا اور تصویری تاریخ کے ذریعے قومی ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔
PNCA کے مطابق تاریخی تصاویر ماضی کے اہم واقعات اور قومی شخصیات کو موجودہ اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی سے وابستہ نایاب تصاویر نہ صرف پاکستان کی تاریخ کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ قومی شعور اور نوجوان نسل میں حب الوطنی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اس خصوصی فوٹوگرافی کرانیکل کے ذریعے PNCA نے فنونِ لطیفہ اور بصری تاریخ کے امتزاج سے بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی ورثے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔