اٹک: کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات پر ایس ایچ او حضرو معطل، متعدد تھانوں کے افسران تبدیل

اٹک: کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات پر ایس ایچ او حضرو معطل، متعدد تھانوں کے افسران تبدیل

اٹک شہریوں کو انصاف کی دہلیز تک فوری رسائی کی فراہمی کے سلسلے میں ڈی پی او اٹک کیپٹن علی بن طارق نے تھانہ حضرو میں تیسری کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے مختلف مسائل اور شکایات سے ڈی پی او کو آگاہ کیا۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے شکایات کے انبار لگا دیے گئے، جس پر ڈی پی او کیپٹن علی بن طارق نے ایس ایچ او تھانہ حضرو انسپکٹر سلطان قمر کو معطل کرکے لائن حاضر کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

ڈی پی او اٹک نے ان کی جگہ سب انسپکٹر راجہ طاہر بشیر کو ایس ایچ او تھانہ حضرو تعینات کردیا۔ راجہ طاہر بشیر اس سے قبل مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او خدمات انجام دے چکے ہیں اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

دریں اثناء ڈی پی او اٹک نے ضلع کے مزید پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تبدیلی کے احکامات بھی جاری کردیے۔

جاری احکامات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اٹک خورد انسپکٹر خانزادہ شہروز کو ایس ایچ او تھانہ سٹی اٹک، انسپکٹر نیاز احمد کو ایس ایچ او تھانہ صدر حسن ابدال، جبکہ انسپکٹر صفدر خان آف تاجک حضرو کو ایس ایچ او تھانہ اٹک خورد تعینات کردیا گیا۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ فتح جنگ سب انسپکٹر منور خان کو ایس ایچ او تھانہ بسال جبکہ قائم مقام ڈی ایس پی لیگل انسپکٹر طاہر اقبال کو ایس ایچ او تھانہ فتح جنگ تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

ڈی پی او اٹک نے پولیس افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری ازالے، جرائم کی روک تھام اور عوام کو بلاامتیاز انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں