اٹک میں 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، قومی پرچم کشائی اور شاندار تقریبات
اٹک ملک بھر کی طرح ضلع اٹک میں بھی پاکستان کا 79واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے، ملی ولولے اور تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع کونسل ہال اٹک کے سبزہ زار میں مرکزی پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و ممبر سپریم جوڈیشل کمیشن شیخ آفتاب احمد تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔
مقررہ وقت پر شیخ آفتاب احمد نے قومی پرچم لہرایا، پولیس اور ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ قومی ترانے کی گونج سے تقریب میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات نمایاں رہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کی انتھک جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ یوم آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے سے ہر قسم کی برائی، انتہا پسندی اور منفی رویوں کا خاتمہ، قانون کی پاسداری، رواداری، بھائی چارے اور ایثار کا فروغ ہی مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بن سکتا ہے۔ عوام قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک باوقار اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور سلامتی کی ضمانت ہے، آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم قانون کی پاسداری کریں اور اپنے فرائض دیانت داری و خلوص کے ساتھ انجام دیں۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت خاکے پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔ مہمان خصوصی، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے جبکہ ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ریسکیو 1122 کے اسٹیشنز پر چراغاں
یوم آزادی کے موقع پر ریسکیو 1122 اٹک کے تمام اسٹیشنز کو خصوصی چراغاں سے سجایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میاں محمد اشفاق کی زیر نگرانی ریسکیورز نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور مرکزی تقریب میں قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا ہر اہلکار عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ذمہ داری، ایمانداری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ فرائض انجام دے رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار میں بھی جشن آزادی کی تقریب
جشن آزادی کے سلسلے میں کرسچن لائرز ونگ پاکستان کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار اٹک میں بھی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی میزبانی عروج ایوب مٹو ایڈووکیٹ ہائیکورٹ، رکن ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک نے کی۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے نمائندگان، وکلا اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
تعلیمی بورڈ راولپنڈی میں پرچم کشائی
جشن آزادی کے موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا اور یوم آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان بھی موجود تھے۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور بڑی قومی ذمہ داری ہے۔ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے، علم، کردار، محنت اور نظم و ضبط کو شعار بنا کر نوجوان ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔
ریلوے ڈویژن میں بھی یوم آزادی کی تقریب
ریلوے ڈویژن میں بھی 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے عمران حیات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ ریلوے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ڈی ایس ریلوے عمران حیات نے بچوں میں مٹھائی تقسیم کی اور انہیں آزادی کی اہمیت، وطن سے محبت اور قومی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
یوم آزادی کے موقع پر پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن کو سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کو بھی جشن آزادی کے حوالے سے دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا، جس نے مسافروں اور شہریوں کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
مرکزی تقریب میں ڈی پی او کیپٹن علی بن طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے افسران، محکمہ تعلیم کے افسران، ریسکیو 1122، بلدیاتی اداروں کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔








