اٹک کے 110 اسکولوں کی آئی ٹی لیبز 30 کروڑ روپے سے اپ گریڈ ہوں گی، دو یونیورسٹی کیمپسز بھی قائم کیے جائیں گے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات

اٹک کے 110 اسکولوں کی آئی ٹی لیبز 30 کروڑ روپے سے اپ گریڈ ہوں گی، دو یونیورسٹی کیمپسز بھی قائم کیے جائیں گے

اٹک صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں جدید اور معیاری تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جس کے ثمرات غریب اور متوسط طبقے کے بچوں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

اٹک میں طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ ضلع اٹک کے 110 اسکولوں کی آئی ٹی لیبز کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ان لیبز میں طلبہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، فری لانسنگ، ڈیٹا اینالیسز، روبوٹکس اور دیگر جدید علوم کی تعلیم دی جائے گی۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا ہے، اس لیے پنجاب کے طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسکول کی سطح پر جدید آئی ٹی تعلیم کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اٹک کی طالبات تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور کئی شعبوں میں لڑکوں سے بھی آگے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کے لیے 750 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ لرن اینڈ ارن پروگرام کے ذریعے اٹک کے طلبہ و طالبات کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ باعزت روزگار بھی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کی تعیناتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں۔ اسکولوں میں سولر پینلز کی تنصیب، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے نظام اور آئی ٹی لیبز کی اپ گریڈیشن سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ ضلع اٹک کے کالجز کی آئی ٹی لیبز بھی اپ گریڈ کی جائیں گی۔ ان کے مطابق ماضی میں ایک کمپیوٹر 270 طلبہ استعمال کرتے تھے، تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے 10 طلبہ کے لیے ایک کمپیوٹر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق صوبہ پنجاب میں 50 ہزار سے زائد طالبات میٹرک کی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں جبکہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام سے ایک لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے ضلع اٹک میں دو یونیورسٹیوں کے کیمپسز کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس اقدام سے اٹک کے طلبہ و طالبات کو اپنے ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

صوبائی وزیر نے ضلع اٹک کے 10 بہترین اساتذہ کو عمرے پر بھجوانے، گرلز کالجز کے لیے پانچ پنک بسیں فراہم کرنے اور اساتذہ کی زیر نگرانی طلبہ و طالبات کے لیے ترکی کے مطالعاتی دورے کا بھی اعلان کیا۔

تقریب کے اختتام پر رانا سکندر حیات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل شیخ آفتاب احمد، رکن پنجاب اسمبلی ملک اعتبار خان، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ، ڈی پی او کیپٹن علی بن طارق، سابق صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ، چیئرمین واسا پنجاب چوہدری شیر علی، تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں