عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں سامنے آ رہی ہیں، سہیل آفریدی
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے صحت کے حوالے سے کبھی ایسی بات نہیں کی کہ انہیں ریلیف ملے۔ عمران خان نے اپنے دور میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس پر بھی نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کو جعلی کیسز میں ناحق قید کیا گیا ہے۔ ظلم کرنے والے سن لیں، جب ان کی باری آئے گی تو ان کے ساتھ بہت برا سلوک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک جج انصاف کے لیے اسٹینڈ لے گا تو باقی ججز کو بھی ہمت ملے گی۔ اگر ججز انصاف نہیں کریں گے اور جس کام کی تنخواہیں لیتے ہیں وہ کام نہیں کریں گے تو عوام کہاں جائے گی؟
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کی آنکھوں میں انقلاب کی جو چمک دیکھ رہا ہوں، اسے کوئی نہیں سنبھال پائے گا۔ نفرت اس حد تک بڑھ جائے گی کہ عمران خان کے کہنے پر بھی محبت پیدا نہیں ہوگی۔