گورنر ہاؤس پشاور میں چائنہ ونڈو کی خصوصی تقریب، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ہر مشکل گھڑی میں قابلِ اعتماد دوست ثابت ہوا ہے۔فیصل کریم کنڈی

گورنر ہاؤس پشاور میں چائنہ ونڈو کی خصوصی تقریب

پشاور: گورنر ہاؤس پشاور میں چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چینی سفارتخانے کے حکام، کھلاڑیوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کئی دہائیوں پر محیط ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور ہر مشکل گھڑی میں قابلِ اعتماد دوست ثابت ہوا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور چین کے درمیان روابط اور سرمایہ کاری مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ صوبہ بے پناہ معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ اس کی جغرافیائی حیثیت اسے خطے میں اہم مقام عطا کرتی ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ چینی عوام کے خیبرپختونخوا کے عوام سے روابط مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور چینی سیاحوں کو صوبے کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا چاہتے ہیں۔ پشاور میں چائنہ ونڈو کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کے ساتھ گورنر ہاؤس کا مکمل تعاون جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاک چین تعلقات میں آئی ٹی، تجارت، ثقافت اور نوجوانوں کے روابط مزید اہمیت اختیار کریں گے۔ چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان چینی نوجوانوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ روابط قائم کریں۔ چین میں اسکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور چین کے ساتھ روابط مزید مستحکم کرکے نوجوانوں کے لیے مزید اسکالرشپس کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کھیل خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگلے سال ڈریگن بوٹ کے مقابلے خانپور ڈیم میں منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد خیبرپختونخوا میں ہے، تاہم صوبے کے نوجوانوں کے لیے مواقع محدود ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پشاور جیمز مارکیٹ میں چینی سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی میں چائنہ وال بھی بنائی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں، انہیں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں گے۔

27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’’دہلی دور است‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ بھی ایک فائنل کھیلنے گئے تھے، لیکن 13 اضلاع عبور کرکے واپس بھاگ آئے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کو امن و امان کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔ اس وقت ہم اپنے جوانوں کے جنازے اٹھا رہے ہیں اور یہ احتجاج کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جب ایک سیاسی جماعت کے طور پر کردار ادا کرے گی تو اس سے بات چیت ہوسکتی ہے۔ تحریک انصاف درست فورم پر بات کرنے کے بجائے سڑکوں کا فورم استعمال کرتی ہے اور پارلیمنٹ کے فورم کے بجائے سڑکوں کے فورم کو ترجیح دیتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں