سینئر صحافی اصغر شاد مرحوم کی نویں برسی، اسلام آباد میں تعزیتی ریفرنس
اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے زیر اہتمام جبکہ نیشنل پریس کلب کے تعاون سے سینئر صحافی، کالم نگار اور مصنف اصغر شاد مرحوم کی نویں برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس کی صدارت صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) محمد نواز رضا نے کی۔ تقریب میں سابق میئر راولپنڈی و مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی کے صدر سردار نسیم، سجاد خان، پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری خالد نواز بوبی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید مغل ایڈووکیٹ، سلطانِ صحافت سلطان سکندر، سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ، صدر آر آئی یو جے (دستور) رانا کوثر، محسن رضا خان، فہیم انور، خالد قریشی، عطاء الرحمن طاہر، عمران اصغر، سابق صدر کے جے ایف خاور نواز راجہ، سینئر نائب صدر کے جے ایف محمد اقبال اعوان، جوائنٹ سیکرٹری آر آئی یو جے (دستور) عابد ہاشمی، سیکرٹری مالیات عبدالرازق بھٹی، منظور سلہریا سمیت صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اصغر شاد مرحوم کی صحافتی، ادبی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اصغر شاد ایک منجھے ہوئے صحافی، صاحبِ قلم کالم نگار اور مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ درد مند اور انسان دوست شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی قلمی جدوجہد کے ذریعے معاشرے کے پسے ہوئے، محروم اور ضرورت مند طبقات کے مسائل کو اجاگر کیا اور صحافت کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ عوامی خدمت کا مؤثر ذریعہ سمجھا۔
مقررین نے کہا کہ اصغر شاد مرحوم کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو ان کی سماجی خدمات بھی تھیں۔ بالخصوص لنگر خانے کا قیام اور ضرورت مند افراد کے لیے کھانے کا انتظام ان کے جذبۂ انسانیت اور خدمتِ خلق کی عملی مثال تھا۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کی مدد صرف زبانی دعووں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ہونی چاہیے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اصغر شاد مرحوم نے اپنی زندگی صحافت، ادب اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی صحافتی دیانت، قلمی جدوجہد، ادبی خدمات اور سماجی کردار آج بھی اہلِ صحافت اور معاشرے کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اصغر شاد مرحوم کی مثبت روایات، صحافتی اقدار، قلمی جدوجہد اور خدمتِ خلق کے جذبے کو آگے بڑھایا جائے گا اور نئی نسل کو ان کے کردار اور خدمات سے روشناس کرایا جائے گا۔
تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر اصغر شاد مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔