اٹک: خطرناک اشتہاری ملزم کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ
اٹک سی سی ڈی پولیس اٹک نے نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ، جنسی زیادتی اور بھتہ خوری سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں مطلوب خطرناک مجرم اشتہاری ملک ضرغام اللہ خان آف ماڑی کنجور کے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر تشہیر اور اس سے متعلق جعلی اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملک ضرغام اللہ خان، جسے کوبرا گینگ 777 کا سرغنہ قرار دیا گیا ہے، اپنے والد سمیت ہلاک ہوچکا ہے، تاہم اس کے نام اور گینگ کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
سی سی ڈی پولیس اٹک کے مطابق عدن صبور ولد عبدالصبور، ساکن محلہ بجلی گھر اٹک کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملک ضرغام اللہ خان یا اس کے نام سے منسوب بعض مبینہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی اور ٹریسنگ مکمل کرلی گئی ہے، جن کے ذریعے اسے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اجاگر کیا جا رہا تھا۔
سی سی ڈی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ مذکورہ گینگ کی کسی بھی انداز میں تشہیر، معاونت یا اس کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے نوجوانوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی تشہیر، ان کے نام سے جعلی اکاؤنٹس چلانے یا ان کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر فروغ دینے سے گریز کریں۔