اسلام آباد: پاکستان بار کونسل کا ڈیننگ لا اسکول کو نوٹس، ایل ایل بی پروگراموں کے اشتہارات فوری واپس لینے کی ہدایت
اسلام آباد: پاکستان بار کونسل نے ڈیننگ لا اسکول (بحریہ فیز 7، اسلام آباد) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یونیورسٹی آف لندن اور یونیورسٹی آف گرین وچ کے ایل ایل بی ایکسٹرنل پروگراموں کے اشتہارات فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
13 جولائی 2026 کو جاری ہونے والے خط میں پاکستان بار کونسل کے سیکرٹری گلزار احمد نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈیننگ لا اسکول نے اسلام آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کیمپسز میں داخلوں کا آغاز کر رکھا ہے، حالانکہ ان کیمپسز کے لیے پاکستان بار کونسل سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) حاصل نہیں کیا گیا اور نہ ہی متعلقہ منظوری دی گئی ہے۔
خط کے مطابق بار کونسل کے قواعد کے تحت ایک ہی کیمپس میں بیک وقت دو مختلف جامعات کے ایل ایل بی پروگرام نہیں چلائے جا سکتے، لہٰذا ادارے کی جانب سے اشتہارات اور داخلوں کا آغاز قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان بار کونسل نے ڈیننگ لا اسکول کو ہدایت کی ہے کہ تمام پلیٹ فارمز سے مذکورہ اشتہارات فوری طور پر ہٹائے جائیں، تحریری وضاحت پیش کی جائے اور بار کونسل کی پیشگی منظوری کے بغیر کسی بھی لاء پروگرام کی تشہیر، داخلے یا تدریسی سرگرمی سے گریز کیا جائے۔
بار کونسل نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس میں پہلے سے جاری این او سیز کی واپسی اور دیگر تادیبی اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔