اٹک: موسمِ گرما کی تعطیلات میں سکول کھولنے پر نجی ادارے کو 7 لاکھ روپے جرمانہ
اٹک وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران سکول کھولنے اور طلبہ سے امتحانات لینے پر محکمہ تعلیم نے ضلع اٹک کے نواحی گاؤں مرزا میں قائم نجی تعلیمی ادارے دی فرسٹ مانٹیسوری اینڈ گرامر سکول کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
محکمہ تعلیم اٹک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق والدین کی شکایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری مردانہ) سید تقی عباس نے سکول کا اچانک دورہ کیا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ حکومتی احکامات کے باوجود سکول کھلا ہوا تھا اور شدید گرمی و حبس کے ماحول میں طلبہ سے امتحانی پرچے لیے جا رہے تھے۔
رپورٹ میں اس عمل کو حکومتی ہدایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ شدید گرمی میں تعلیمی سرگرمیاں طلبہ کی صحت اور سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ تعلیم ضلع اٹک ڈاکٹر محمد اظہر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی رپورٹ کی روشنی میں سکول انتظامیہ کو 7 لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز کے اندر تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق جواب موصول ہونے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔