کابل میں افغانستان، وسطی ایشیا اور آذربائیجان کے مطالعاتی مراکز کا علاقائی اجلاس شروع ہوگیا
کابل (بی این اے): افغانستان کی وزارتِ خارجہ کے اسٹریٹجک اسٹڈیز مرکز کی میزبانی اور پہل پر افغانستان، وسطی ایشیا اور آذربائیجان کے تحقیقی و مطالعاتی مراکز کا ایک اہم علاقائی اجلاس کابل میں شروع ہوگیا
باختر خبر رساں ایجنسی کے مطابق اجلاس کا افتتاح افغانستان کے وزیرِ خارجہ مولوی امیر خان متقی نے کیس۔ اجلاس میں افغانستان، ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور آذربائیجان کے اسٹریٹجک مطالعاتی مراکز کے سربراہان، محققین اور پالیسی ساز شریک ہیں
یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب افغانستان اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اجلاس کے شرکاء علاقائی رابطہ کاری، استحکام، تجارت، توانائی، ٹرانزٹ، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف موضوعات پر جامع تبادلۂ خیال کریں گے۔
اجلاس میں افغانستان اور وسطی ایشیا کے درمیان جاری تعاون کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ قابلِ عمل اور مؤثر تجاویز پیش کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اجلاس کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ خطے کے تحقیقی ادارے مشترکہ چیلنجز اور مواقع کے حوالے سے اپنے خیالات اور آراء پیش کریں گے، جس سے باہمی پالیسی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔