کشمیری کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں کہ بھارت خوش ہو جائے، حافظ نعیم الرحمن آزاد کشمیر کے نوجوان عزم کریں مسائل کے باوجود پریشان نہیں ہونا،

کشمیری کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں کہ بھارت خوش ہو جائے، حافظ نعیم الرحمن

آزاد کشمیر کے نوجوان عزم کریں مسائل کے باوجود پریشان نہیں ہونا،

کشیمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ عقیدے اور نظریے کا ہے ، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مظفرآباد میں بنو قابل تقریب سے خطاب

مظفرآباد: 19 مئی 2026ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان بے روزگار اور پریشان ہیں ، ایک ہی کنسورشیم (Consortium پاکستان اور آزاد کشمیر پر حکومت کررہا ہے ، مشکلات کے باوجود کشمیری نوجوان عزم کریں کہ وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے بھارت خوش ہو، کشمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ جغرافیہ نہیں نظریے اور عقیدے کا ہے ، الیکشن ہوتے رہیں گے ، نتائج جو بھی ہوں جماعت اسلامی کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گی، بنو قابل کا سفر کراچی سے شروع ہوکر مظفر آباد تک پہنچ گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کے لیے آئے ہوئے ہزاروں طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے بھی خطاب کیا جبکہ بنو قابل کے منتظم اور امیر جماعت کے معاون خصوصی عمیر ادریس اور دیگر راہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے طلبا وطالبات کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت انہیں آئی ٹی کی ہر قسم کی تربیت مفت فراہم کرے گی، مظفر آباد کے بعد وادی کے ہر علاقہ میں بنو قابل پروگرام کا آغاز ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مغربی بنگال کے انتخابات میں حکمران بی جے پی نے لاکھوں ووٹ کینسل کردیے اور نتائج کے بعد مسلمانوں پر مظالم کا آغاز کردیا ، ہندوتوا کے ماننے والے کبھی مسلمانوں کو تسلیم نہیں کریں گے ، کشمیریوں کو اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے ، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشتیبان ہے ، آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ (Base Camp) ہے، جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان دین سے اپنے رشتہ کو مضبوط کریں ، ہمیں معلوم ہے کہ کشمیر کے رہنے والے حالات سے پریشان ہیں، پورے پاکستان کی طرح یہاں بھی عوام مہنگائی سے بے حال ہے، کشمیر کے نوجوان جان لیں کہ دین کا نظام قائم ہوگا تو ہی سب کو عدل و انصاف ملے گا، جماعت اسلامی اقامت دین اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے ، جماعت اسلامی نے کشمیری نوجوانوں کا ہاتھ تھام لیا ہے ، انہیں تعلیم کے میدان میں آگے لے کر جائیں گے تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کرسکیں، پورے پاکستان کے دروازے اہل کشمیر کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بنوقابل کے آغاز کے بعد بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہوا تو ایم کیو ایم اور پیپلزبارٹی نے پروپیگنڈہ شروع کردیا کہ اس پروگرام کو جماعت اسلامی سیاست کے لیے استعمال کررہی ہے، ان کا خیال تھا کہ انتخابات کے بعد بنو قابل بھی ٹھپ ہوجائے گا ، مگر ہم نے کراچی کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا، تعلیم کا یہ سفر رکنے والا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے مزید کہا کہ مشرقی پاکستان علیحدہ ہوگیا تاہم چند دہائیوں بعد بنگلہ دیش کے نوجوانوں نے بھارت کی باقیات کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے کامیاب امتحان کے انعقاد پر جماعت اسلامی مظفرآباد اور الخدمت کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں