علامہ طاہر محمود اشرفی کا اتحاد، امن اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی پر زور
پشاور: پاکستان علماء کونسل پشاور کے زیر اہتمام “پیغامِ پاکستان علماء و مشائخ سیمینار” کے بعد پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے علماء نے مثالی اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث ملک بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہی۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک نے پیغامِ پاکستان کو مثبت انداز میں قبول کیا اور شیعہ سنی تصادم کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ محراب اور منبر معاشرے کی بڑی قوت ہیں اور علماء و مشائخ ملک میں امن، رواداری اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
علامہ طاہر اشرفی نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدامنی، دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز سے دوچار ہے، جن کا مقابلہ قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور آئین کی تشکیل میں علماء نے اہم کردار ادا کیا اور اس ملک کی بنیاد بزرگوں کی قربانیوں سے رکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر مختلف دینی مدارس کے بورڈز موجود ہیں، تاہم تمام علماء دین اسلام کی سربلندی اور ملک کے استحکام کے لیے متحد ہیں۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ دین اسلام کسی بے گناہ انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا اور دہشت گردی کی ہر شکل قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سمیت پوری امتِ مسلمہ کو باہمی اختلافات مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے چاہئیں تاکہ مسلم دنیا میں امن و استحکام قائم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو امن، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، اور تمام مکاتبِ فکر کو قومی مفاد میں متحد ہو کر ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔