اٹک: موسلا دھار بارش، نالیاں پانی سے بھر گئیں، موسم خوشگوار ہوگیا
اٹک شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نالیاں پانی سے بھر گئیں، جبکہ گلی محلوں میں پانی کے تیز بہاؤ سے صفائی بھی ہوگئی۔ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مسلسل بارشوں کو زراعت کے لیے بھی انتہائی مفید قرار دیا جا رہا ہے، جس سے فصلوں کو وافر مقدار میں پانی دستیاب ہونے اور زرعی سرگرمیوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔
ماہرین زراعت کے مطابق بارشوں سے چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں پانی کی سطح بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین پانی کی سطح میں بھی بہتری آنے کا امکان ہے، جو پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ملک بھر میں ڈیموں کی تعمیر، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور اسے زیرِ زمین محفوظ بنانے کے حوالے سے شہریوں میں شعور اجاگر کیا جائے تاکہ قدرت کی اس نعمت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔