اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان کے قومی خلائی ادارے، سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے کھچا کھچ بھرے آڈیٹوریم میں موجود پرجوش ہجوم نے اس وقت الٹی گنتی شروع کر دی جب ایک بڑی سکرین پر چین کے شین ژو-24 انسان بردار خلائی جہاز کے ذریعے پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی کے مناظر دکھائے گئے۔ حاضرین نے جوش و خروش سے ’’5، 4، 3، 2، 1‘‘ کی گنتی مکمل کی۔
بدھ کی علی الصبح اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لئے آڈیٹوریم میں خلائی تحقیق کے شوقین افراد، طلبہ، سائنس دانوں اور سرکاری حکام کی بڑی تعداد جمع تھی۔
سافٹ ویئر انجینئر ماہ نور نعیم نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں آج کے دن کے لئے بہت پرجوش تھی۔ مجھے اس تقریب کے بارے میں خبروں کے ذریعے معلوم ہوا اور میں نے خلائی جہاز کی روانگی دیکھنے اور یہ جاننے کے لئے کہ تمام مراحل کیسے مکمل ہوتے ہیں، پوری رات جاگ کر گزاری۔‘‘
ماہ نور نے مزید کہا کہ ’’میں کچھ گھبرائی ہوئی بھی تھی اور دعا کر رہی تھی کہ سب کچھ بخوبی مکمل ہو تاہم گھبراہٹ پر خوشی اور جوش غالب رہا۔‘‘
بہت سے پاکستانیوں کے لئے ذیشان علی کا یہ سفر محض ایک قومی سنگ میل نہیں بلکہ سائنس اور خلائی تحقیق میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔
پاکستانی دارالحکومت میں قائم عوامی سطح پر ستاروں کے مشاہدے، لیکچرز، ورکشاپس اور سکولوں اور جامعات میں آگاہی سرگرمیوں کا اہتمام کرنے والی تنظیم پاک آسٹرونومرز اسلام آباد کے صدر فرخ شہزاد نے کہا کہ ذیشان علی لاکھوں پاکستانیوں کے خواب کی تعبیر بن رہے ہیں اور ان کا خلائی سفر سائنس دانوں کی نئی نسل کو تحریک دینے کے ساتھ ملک میں سائنسی اور تکنیکی ترقی کے نئے راستے کھول سکتا ہے۔
فرخ شہزاد نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں میں خلا اور فلکیات سے دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ یہ تاریخی خلائی سفر نوجوانوں کو فلکیات اور خلائی سائنس کی مزید جستجو کرنے کی ترغیب دے گا۔‘‘
پری انجینئرنگ کے طالب علم عمران علی پاکستانی اور چینی پرچموں کے ساتھ ذیشان علی کا پوسٹر تھامے خلائی جہاز کے خلا میں روانہ ہوتے ہی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
عمران علی نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب خلائی جہاز روانہ ہوا اور ہجوم نے پاک چین دوستی کے نعرے لگانا شروع کئے تو یہ میرے لئے انتہائی جذباتی لمحہ تھا، کیونکہ یہ نہ صرف پاکستان کی ایک تاریخی کامیابی کی علامت تھا بلکہ پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کا اظہار بھی تھا۔‘‘
عمران نے مزید کہا کہ ’’چین کے تعاون سے پاکستان کے اپنے خلا باز کو خلا میں بھیجنے کا خواب حقیقت بنتے دیکھنا میرے لئے بے حد فخر کا لمحہ تھا۔‘‘
سپارکو میں پاکستانی سائنسدانوں اور حکام کے لئے شین ژو-24 کی کامیاب روانگی برسوں کی محنت کا ثمر اور چین کے ساتھ خلائی تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔ سپارکو کے جنرل منیجر زین بخاری نے شِنہوا کو بتایا کہ ’’اب ہماری اولین ترجیح اس کامیابی کو آگے بڑھانا، تحقیقی سرگرمیوں کو مضبوط بنانا اور یہ جائزہ لینا ہونا چاہیے کہ خلائی تجربات کس طرح ملک کے لئے ٹھوس فوائد پیدا کر سکتے ہیں۔‘‘
پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے خلائی مشن کے لئے ذیشان علی کی روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’آج پاکستان نے تاروں سے آگے کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے۔ یہ ہماری نوجوان نسل، ہمارے سائنس دانوں اور ہمارے خوابوں کا سفر ہے۔‘‘