اسلام آباد میں 13 سالہ فاطمہ اصغر پر مبینہ بہیمانہ تشدد، پوسٹ مارٹم میں 20 سے زائد زخموں کی تصدیق، ملزمان 4 روزہ ریمانڈ پر
اسلام آباد پولیس لائنز کی سرکاری رہائش گاہ میں 13 سالہ فاطمہ اصغر کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے جسم پر 20 سے زائد زخموں کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ پولیس نے تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فاطمہ کے جسم پر پرانے اور تازہ زخم موجود تھے، مسلسل جسمانی تشدد کے باعث شدید سوزش پیدا ہوئی، خون کے لوتھڑے بننے سے تھرومبو ایمبولزم کی کیفیت پیدا ہوئی، جو بالآخر کارڈیو پلمونری اریسٹ کا سبب بنی۔ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔
مقتولہ کا تعلق ضلع راجن پور سے تھا اور وہ اسلام آباد پولیس لائنز کے سیکٹر ایچ الیون میں واقع سرکاری رہائش گاہ میں مقیم تھی۔ بچی کے والد اصغر علی کی مدعیت میں تھانہ شمس کالونی میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ والد کے مطابق انہیں بیٹی کی طبیعت خراب ہونے اور اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاع دی گئی، تاہم بعد میں جسم پر تشدد کے نشانات دیکھ کر انہوں نے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر بچی کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے مناظر موجود ہیں۔ گرفتار ملزم قاری علی رضا نے دوران تفتیش مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ فاطمہ کو اکثر ڈنڈوں سے مارا جاتا تھا، جبکہ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسر سے اس کا معائنہ کرایا گیا۔ مرکزی ملزمہ افشاں بی بی نے تشدد کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔
گرفتار ملزمان افشاں بی بی اور قاری علی رضا کو جوڈیشل مجسٹریٹ نعیمہ افتخار کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
کیس میں ایک اہم پیش رفت یہ بھی سامنے آئی ہے کہ افشاں بی بی دوہری شہریت کی حامل ہیں، جبکہ ان کے شوہر محمد بن اشرف، جو ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے ڈائریکٹر تھے، کو عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
فاطمہ کی ہلاکت نے کم عمر بچوں اور گھریلو ملازمین کے تحفظ، مبینہ تشدد کی بروقت روک تھام اور بااثر افراد کے احتساب سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی شفاف تحقیقات جاری ہیں، تاہم اب یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ شواہد کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کیا کارروائی کی جاتی ہے۔