آئندہ دو سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دیں گے، روزگار بھی فراہم کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

آئندہ دو سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دیں گے، روزگار بھی فراہم کریں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ بنو قابل پروگرام کے تحت آئندہ دو سال میں ملک بھر کے 20 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کی جائے گی، جبکہ انہیں تربیت دینے کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنی صلاحیتوں کو آئی ٹی کے شعبے میں استعمال کرکے اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں بنو قابل پروگرام کے تحت منعقدہ ’’ڈیجیٹل پاکستان مشاورتی سیشن‘‘ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سیکریٹری توفیق الدین صدیقی، چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق فرحان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، سی ای او بنو قابل پروگرام پاکستان شاہد اقبال اور ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام کراچی فاروق کملانی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔

سیشن میں 50 سے زائد اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بینکنگ، ہیلتھ، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور سروسز سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 10 اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔

معاہدوں کے تحت متعلقہ کمپنیاں بنو قابل پروگرام کے طلبہ کو ملازمتوں، انٹرن شپ اور مینٹورشپ کے مواقع فراہم کریں گی، جبکہ پروگرام کی مستقل بہتری کے لیے ایڈوائزری بورڈ کی معاونت بھی کریں گی۔ دوسری جانب الخدمت ان اداروں کو ان کی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند طلبہ و طالبات فراہم کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور ملک میں بے پناہ صلاحیت اور امکانات موجود ہیں، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ جب پہلی مرتبہ بنو قابل پروگرام شروع کیا گیا تو اندازہ نہیں تھا کہ اسے اتنی پذیرائی ملے گی کہ ایک لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹریشن کروائیں گے، تاہم آج یہ پروگرام پورے ملک میں پھیل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی مسائل کو بنیاد بنا کر سیاست نہیں کی جاتی، حالانکہ اگر قوم کے حقیقی مسائل پر سیاست ہو تو بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ الخدمت زندگی کے آٹھ شعبوں میں کام کر رہی ہے اور اس کی جدید ترین لیبارٹری میں شہر کے بڑے ہسپتالوں کے مقابلے میں بھی کم نرخوں پر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا دور ہے اور بنو قابل پروگرام میں ایسے کورسز ترتیب دیے گئے ہیں جو وقت کی اہم ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔ زراعت کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے، ویلیو ایڈیشن اور مائیکرو فنانسنگ کے ذریعے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے مختلف اداروں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ بنو قابل پروگرام کے ساتھ تعاون کریں تاکہ نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں آگے لایا جاسکے۔ نوجوانوں کی سرپرستی اور اسپانسرشپ سے آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر سی ای او بنو قابل پروگرام پاکستان شاہد اقبال نے پروگرام میں ملک بھر کے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی، شمولیت اور ملکی معیشت پر اس کے ممکنہ مثبت اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر مفت آئی ٹی تعلیم فراہم کرنا حافظ نعیم الرحمٰن کا وژن تھا۔ الحمدللہ، آج اس پروگرام کے ذریعے کورسز مکمل کرنے والے لاکھوں نوجوان روزگار حاصل کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بنو قابل اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت موبائل ریپئرنگ، ایڈوانس ٹیلرنگ اور لیپ ٹاپ ریپئرنگ سمیت مختلف عملی کورسز بھی کروائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا جاسکے۔

سیشن میں شریک مختلف اداروں کے سربراہان نے الخدمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی نظام تعلیم کے ساتھ اسکل بیسڈ لرننگ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بنو قابل پروگرام کے تحت شروع ہونے والے نئے اسٹارٹ اپس کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا اور الخدمت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں