مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات، دورہ جاپان کی دعوت
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اسلام آباد میں گورنر سندھ نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے گورنر سندھ کو دورہ جاپان کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ ملاقات میں سینیٹر چوہدری تنویر اور وفاقی وزیر کھیئل داس کوہستانی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک نور اعوان نے نہال ہاشمی کی طویل سیاسی جدوجہد اور مسلم لیگ (ن) کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 30 سے 35 برس کے دوران اچھے اور برے حالات میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا ساتھ نبھایا اور پارٹی سے اپنی وفاداری ثابت کی۔
ملک نور اعوان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کی سیاسی وابستگی اور وفاداری کا اصل اظہار اس وقت ہوا جب مسلم لیگ (ن) مشکل سیاسی حالات سے گزر رہی تھی۔ انہوں نے کراچی جیسے بڑے شہر میں پارٹی کی آواز بلند رکھی اور نامساعد حالات کے باوجود مسلم لیگ (ن) کا پرچم سربلند رکھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی نمائندگی کرنا اور نواز شریف کا مؤقف عوام تک پہنچانا نہال ہاشمی کی جدوجہد کا اہم حصہ رہا ہے۔ ان کی بطور گورنر سندھ تقرری دراصل طویل سیاسی جدوجہد اور جماعت کے لیے دی گئی قربانیوں کا اعتراف ہے۔
ملک نور اعوان نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنے دیرینہ ساتھیوں اور کارکنوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور بالخصوص ان لوگوں کی قدر کرتے ہیں جو مشکل اور آزمائش کے وقت بھی ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
ملاقات کے اختتام پر ملک نور اعوان نے گورنر سندھ نہال ہاشمی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جاپان کی قیادت اور کارکن ان کے دورہ جاپان کے منتظر ہیں اور ان کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔