وزیراعظم کا خام معدنی وسائل کی برآمد کے بجائے ملک میں پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کی طرف منتقلی پر زور ، معدنی دولت کو اندرون ملک زیادہ سے زیادہ معاشی مواقع میں تبدیل ہونا چاہیے ، شہباز شریف کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب

وزیراعظم کا خام معدنی وسائل کی برآمد کے بجائے ملک میں پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریز کی طرف منتقلی پر زور ، معدنی دولت کو اندرون ملک زیادہ سے زیادہ معاشی مواقع میں تبدیل ہونا چاہیے ، شہباز شریف کا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے معدنی شعبے کو خام مال کی برآمد کے بجائے ملک کے اندر ان کی پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ انڈسٹریزکی طرف منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معدنی دولت کو اندرون ملک زیادہ سے زیادہ معاشی مواقع میں تبدیل ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے خام معدنیات بیرون ملک بھیجنے کی روایت ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی ڈاؤن سٹریم صنعتوں کو مضبوط بنا کر ویلیو ایڈیشن کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہونا چاہیے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے معدنی وسائل کو پاکستان کے اندر ہی مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب خام معدنیات کی برآمد مکمل طور پر بند ہو جائے گی اور پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتی ترقی کی بنیاد بنیں گے۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کو صرف معدنیات نکالنے تک محدود رکھنے کے بجائے پاکستان میں معدنی پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوڈک اور ٹیتھیان کاپر بیلٹ کے دیگر منصوبوں کو ریفائنریوں، سیمنٹ پلانٹس اور کیبلز و کنڈکٹرز کی تیاری کی صنعتوں کے قیام میں کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ معدنیات دنیا بھر میں برآمد کرنے سے قبل پاکستان میں کان کنی ، پراسیسنگ اور مصنوعات تیار کریں۔انہوں نے اس حکمت عملی کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ منصفانہ اور باہمی مفادات پر مبنی شراکت داری کے حوالے سے حکومت کا وژن قرار دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ریکوڈک کی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے جہاں 2028ء میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ تقریباً دو دہائیوں تک تعطل کا شکار رہنے کے بعد اب عملی نفاذ کے مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معدنی وسائل کو تیار اور نیم تیار مصنوعات میں تبدیل کرنے سے معاشی مواقع میں اضافہ ہوگا، مقامی صنعتوں کو تقویت ملے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے گا کہ پاکستان اپنی قدرتی دولت سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کان کنی میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی، پیشہ ورانہ تربیت، مقامی سپلائرز اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے طریقہ کار کو آسان بنانے، بیوروکریٹک رکاوٹوں کے خاتمے اور شفاف پالیسیوں کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو غیر پراسیس شدہ قدرتی وسائل کی برآمد تک محدود رہنے کے بجائے صنعتی ترقی، مقامی روزگار اور مشترکہ خوشحالی کا محرک بننا چاہیے۔وزیراعظم نے فورم کے انعقاد اور پاکستان کے معدنیات و کان کنی کے شعبوں کو آگے بڑھانے کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ان کی معاونت اور عزم نے پاکستان کے معدنی وسائل کو ملکی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور اہم متعلقہ فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں مدد فراہم کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں