راولپنڈی میں زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کا خام تیل چوری کرنے کا غیر معمولی واقعہ، تین ملزمان گرفتار

راولپنڈی میں زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کا خام تیل چوری کرنے کا غیر معمولی واقعہ، تین ملزمان گرفتار

181 فٹ طویل زیرِ زمین پائپ لائن بچھا کر پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کی مرکزی سپلائی لائن سے تیل چوری کیا جا رہا تھا، ایف آئی آر کے مطابق 1100 بیرل خام تیل چوری کیا گیا جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے رنیال میں زیرِ زمین سرنگ کھود کر نجی آئل کمپنی پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (POL) کی مرکزی سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا خام تیل چوری کرنے کا ایک منظم منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ موقع سے 1431 لیٹر خام تیل بھی برآمد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے آئل کمپنی کی مرکزی ہائی پریشر پائپ لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر حاصل کر رکھا تھا۔ اس مکان سے مرکزی پائپ لائن تک تقریباً 181 فٹ طویل زیرِ زمین سرنگ کھودی گئی تھی، جس میں غیر قانونی پائپ بچھا کر اسے کمپنی کی مرکزی لائن سے منسلک کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے کمپنی کی ہائی پریشر پائپ لائن میں غیر قانونی طور پر کلیمپ نصب کرکے اس کے ذریعے ایک علیحدہ پائپ جوڑ رکھا تھا، جس کے ذریعے خام تیل چوری کرکے مکان کے اندر تعمیر کیے گئے زیرِ زمین ٹینک میں منتقل کیا جاتا تھا۔ بعدازاں اس تیل کو گاڑیوں کے ذریعے وہاں سے منتقل کرکے فروخت کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

سوال یہ ہے کہ کمپنی کو شک کیسے ہوا؟ اطلاعات کے مطابق پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور متعلقہ حکام کو مرکزی پائپ لائن میں تیل کے دباؤ اور مقدار میں غیر معمولی کمی محسوس ہوئی، جس پر تکنیکی نگرانی اور جانچ پڑتال کی گئی۔ بعدازاں کمپنی کے حکام نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد متعلقہ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ مکان پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران زیرِ زمین ٹینک سے 1431 لیٹر خام تیل برآمد کیا گیا، جبکہ تیل چوری میں استعمال ہونے والی غیر قانونی پائپ لائن، کلیمپ اور دیگر آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ 1100 بیرل تیل چوری، مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد

نجی آئل کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمد کی درخواست پر درج مقدمے کے مطابق مرکزی سپلائی لائن سے مجموعی طور پر تقریباً 1100 بیرل خام تیل چوری کیا جا چکا تھا، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

پولیس نے موقع سے تین ملزمان محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مقدمے میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمٰن اور زاہد کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری اور اس نیٹ ورک کے ممکنہ خریداروں و سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے مرکزی آئل پائپ لائن تک رسائی حاصل کرکے کروڑوں روپے مالیت کے خام تیل کی چوری کا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا غیر معمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں