غزہ: ناصر اسپتال پر ساتویں بار بمباری، سرجن سمیت 6 شہید، 4 شعبے بند
غزہ کے شہر خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایک سرجن سمیت 6 فلسطینی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ آپریشن کے دوران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ حملے میں اسپتال کے جراحی، آپریشن، ریڈیالوجی اور لیبارٹری سمیت چار اہم شعبوں کا کام متاثر ہوا ہے۔
اسپتال کے ڈائریکٹر احمد الفرا کے مطابق ناصر میڈیکل کمپلیکس پر جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم سات مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں۔ تازہ بمباری میں عمارت کے جراحی شعبے کو نشانہ بنایا گیا، جس سے مریضوں اور طبی عملے کو جانی نقصان پہنچا۔ اسپتال تقریباً 10 لاکھ فلسطینیوں کو طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے، جبکہ پہلے ہی ادویات، طبی آلات اور ضروری سامان کی شدید قلت ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تازہ واقعے کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے طبی کارکنوں کی مجموعی تعداد 1724 ہوگئی ہے، جن میں 155 ڈاکٹر شامل ہیں۔ اسرائیلی جیلوں میں اب بھی 16 ڈاکٹر قید ہیں۔
ناصر اسپتال اکتوبر 2023ء میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے مسلسل حملوں، محاصرے اور تباہی کا سامنا کر رہا ہے۔ دسمبر 2023ء میں اس کی اہم تنصیبات پر براہِ راست بمباری کی گئی، فروری 2024ء میں طویل محاصرے کے بعد اسپتال پر دھاوا بولا گیا، جبکہ مارچ اور مئی 2025ء میں بھی اس کے جراحی اور برن یونٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ اگست 2025ء کے حملے میں 20 افراد شہید ہوئے، جن میں پانچ صحافی اور امدادی کارکن بھی شامل تھے۔
دوسری جانب غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جمعرات کی صبح سے مزید 11 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ فلسطینی ماہی گیروں کی چھ کشتیاں بھی نہیں بلکہ چھ ماہی گیروں کو دیر البلح کے ساحل کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا۔
غزہ میں 10 اکتوبر 2025ء کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 1622 فلسطینی شہید اور 5878 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے سے 850 لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں۔