خیبرپختونخوا حکومت کا 11 مشیروں کو اضافی محکمے تفویض کرنے کا فیصلہ، گورنر کی منظوری کے بعد اعلامیہ جاری
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے 11 مشیروں کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے علاوہ اضافی محکمے بھی تفویض کر دیے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے محکموں کی نئی ذمہ داریوں کی منظوری دے دی، جس کے بعد باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کفایت اللہ کو محکمہ خوراک اور ویمن ایمپاورمنٹ، طارق محمود پاشا کو محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات جبکہ عامر جاوید کو محکمہ محنت اور آئی پی سی کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ڈاکٹر سید امیر عبداللہ کو محکمہ سماجی بہبود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کو محکمہ بہبود آبادی کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔
اسی طرح سرفراز علی کو محکمہ ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ، عجائب گھر، کھیل اور امور نوجوانان کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جبکہ ڈاکٹر محمد ارشاد کو محکمہ آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اضافی محکمے سونپے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق آصف رفیق کو زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور کوآپریٹو، مولانا طیب قریشی کو زکوٰۃ و عشر جبکہ عثمان سیف اللہ خان کو سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
ثمر ہارون بلور کو محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے تحت تمام 11 مشیر اپنے پہلے سے تفویض کردہ محکموں کے ساتھ نئی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔