باجوڑ میں فائرنگ سے مرکزی مسلم لیگ کے کارکن سمیت تین سگے بھائی جاں بحق، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
باجوڑ کے علاقے خار بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مرکزی مسلم لیگ کے کارکن حنیف اللہ اور ان کے دو سگے بھائی ابراہیم اور عباس جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں تینوں بھائی جان کی بازی ہار گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا۔ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب مرکزی مسلم لیگ خیبرپختونخوا کے صدر محمد اشفاق نے تینوں بھائیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ قرار دیا ہے۔
محمد اشفاق نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائے، حنیف اللہ اور ان کے بھائیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
مرکزی مسلم لیگ نے مطالبہ کیا ہے کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔