اسلام آباد پولیس کے تمام رینکس کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد
اسلام آباد پولیس کے تمام رینکس کے افسران و اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سخت ضابطے نافذ کردیئے گئے ہیں، جس کے تحت پولیس یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر بنوانے پر پابندی عائد کردی گئی۔
نئے ضابطے کے مطابق ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری گاڑیوں، پولیس دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
پولیس اہلکاروں کو اجازت کے بغیر میڈیا کو بیان دینے، عوامی فورمز پر اظہار خیال کرنے اور مضامین لکھنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار بھی نہیں کر سکیں گے۔
احکامات کے تحت محکمانہ یا خفیہ دستاویزات، تصاویر اور دیگر حساس معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔