خیبرپختونخوا میں اگلے 24 گھنٹے اہم، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے، ارباب خضر حیات کا دعویٰ
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بڑی سیاسی تبدیلی آنے والی ہے اور سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔
ارباب خضر حیات نے کہا کہ وفاق کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹے خیبرپختونخوا کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سالہ دور میں عوام کو کیا ملا، حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشتگردی کے واقعات اور جانی نقصان تشویشناک ہیں، گزشتہ ڈھائی سال کے دوران 44 خودکش حملے رپورٹ ہوئے، جن میں 2024 میں 15، 2025 میں 18 جبکہ رواں سال ستمبر تک 11 خودکش حملے شامل ہیں۔
لیگی رہنما کے مطابق پولیس پر 536 حملے ہوئے جبکہ خیبرپختونخوا پولیس نے 324 دہشتگرد حملے کامیابی سے روکے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
ارباب خضر حیات نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے اکاؤنٹس میں 551 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو بتائے کہ کتنی رقم ریکور ہوئی اور ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ساتھ صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کے مسائل بھی موجود ہیں۔ صوبائی حکومت پولیس، سی ٹی ڈی، صحت، تعلیم اور ترقیاتی بجٹ سے متعلق اپنی کارکردگی کی مکمل رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے۔
ارباب خضر حیات نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے واقعات، پولیس و سی ٹی ڈی کارروائیوں، ترقیاتی بجٹ، بڑے منصوبوں کی لاگت اور تکمیل کی صورتحال کی تفصیلات جاری کی جائیں۔ ان کے مطابق صحت کارڈ، میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز، گزشتہ ڈھائی سال کے بڑے منصوبوں اور ان پر خرچ ہونے والی رقم کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے آنی چاہئیں۔
انہوں نے پشاور کے لیے اعلان کردہ 100 ارب روپے کے پلان پر پیش رفت کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا احتساب سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوام کا مطالبہ ہے، حکومت شفافیت اور جوابدہی کے ساتھ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھے۔
اسلام آباد مارچ کے حوالے سے ارباب خضر حیات نے کہا کہ 4 اکتوبر کی کال پر بھی پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچے گی۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر دہشتگردوں کی سہولت کاری کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومت کی رٹ ختم ہوچکی ہے۔