پشاور: حبیب میڈیکل کمپلیکس ڈبگری میں بجلی چوری کے خلاف پیسکو کی نائٹ ریڈ، 12 کلینکس کو غیر قانونی کنکشن کے ذریعے بجلی فراہمی کا انکشاف
پشاور میں پیسکو نے بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حبیب میڈیکل کمپلیکس ڈبگری میں نائٹ ریڈ کے دوران بجلی چوری پکڑ لی۔ پیسکو ترجمان کے مطابق کارروائی چیف پیسکو اختر حمید خان کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پیسکو ٹیم نے رات کے وقت چھاپہ مار کر بھاری تار کے ذریعے بجلی چوری کا سراغ لگایا، جس کے ذریعے چیک میٹرز کے ذریعے کمپلیکس میں قائم 12 کلینکس کو بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ حبیب میڈیکل کمپلیکس کی لفٹ بھی مبینہ طور پر چوری کی بجلی سے چلائی جا رہی تھی۔
پیسکو کے مطابق میڈیکل کمپلیکس کے باہر قائم ایک لیزر کلینک کو بھی غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ ایس ڈی او ڈبگری نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تار قبضے میں لے کر تمام غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رات کے وقت مریضوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے میڈیکل کمپلیکس کی بجلی مکمل طور پر منقطع نہیں کی گئی۔ حبیب میڈیکل کمپلیکس کو بجلی چوری پر بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔