اٹک: بیوہ خاتون سے مبینہ زیادتی، پولیس نے نامزد ملزم گرفتار کرلیا
اٹک: تھانہ حضرو کی حدود میں بیوہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے نامزد ملزم محمد عارف کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 23 ستمبر کو بیوہ خاتون نے تھانہ حضرو میں مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا پڑوسی محمد عارف اس پر بری نظر رکھتا تھا۔
خاتون کے مطابق وہ اپنی والدہ کے گھر گئی تو گھر کے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا، تالا کھول کر گھر میں داخل ہونے کے بعد محمد عارف ولد غلام سرور، سکنہ ریتلہ منڈی، تحصیل حضرو، مبینہ طور پر زبردستی گھر میں داخل ہوگیا اور اسے کمرے میں لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے خاتون کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم محمد عارف کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔