اٹک: مٹی کا تودہ گرنے سے 8 سالہ اشر علی اور 5 سالہ نعلین زہرا جاں بحق، علاقے میں سوگ کی فضا
اٹک سے 30 کلومیٹر دور تھانہ صدر اٹک کے گاؤں سقہ آباد میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو کمسن بچے مٹی تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جاں بحق بچوں میں 8 سالہ اشر علی ولد عاطف خان اور 5 سالہ نعلین زہرا ولد شرافت علی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دونوں بچے گاؤں سقہ آباد میں مٹی نکال رہے تھے کہ اچانک مٹی کا بھاری تودہ ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں دونوں بچے مٹی تلے دب گئے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو مٹی سے نکالا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوئی، تاہم راستے میں ریسکیو ٹیم نے ایک نجی گاڑی میں موجود دونوں بچوں کو ریسکیو کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے دونوں بچوں کو فوری طور پر سی پی آر فراہم کیا اور تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں بچوں کی موت کی تصدیق کر دی۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے، جبکہ دو کمسن بچوں کی المناک موت پر اہل علاقہ غمزدہ ہیں۔