پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار شریک، سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات
پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے، شہر کے 19 امتحانی مراکز میں 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار ٹیسٹ میں شریک ہیں، جن میں 8 ہزار 226 طالبات بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تمام 19 امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے مرد و خواتین پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ نقل کی روک تھام اور امتحان کو شفاف بنانے کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ پاکٹ گائیڈز بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
امتحانی مراکز کی نگرانی اور سہولیات کے جائزے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف مراکز کے دورے کر رہی ہیں۔ کمشنر پشاور ریاض خان محسود بھی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے امتحانی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں۔
بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے پیسکو نے 28 فیڈرز پر مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ امیدواروں کو پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے باوردی اہلکاروں اور افسران کا امتحانی ہال کے اندر داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم ڈی کیٹ امتحانات کے موقع پر ٹریفک پولیس نے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز ٹریفک پشاور روزیہ الطاف کی نگرانی میں مختلف سیکٹرز کی ٹیمیں امتحانی مراکز کے اطراف تعینات ہیں اور ٹریفک کی روانی، روڈ سیفٹی اور امیدواروں و والدین کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔
پشاور کے مختلف مقامات، جن میں نور محل، ایلیگنس ایرینا، گل مکئی پیلس، گل مکئی ایرینا، ایڈن مارکی، رنگ روڈ، شامِ پارس اور پیراڈائز مارکی شامل ہیں، میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانات جاری ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق امتحانی مراکز کے اطراف ٹریفک صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ امیدواروں کی آمدورفت میں رکاوٹ نہ آئے اور شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی بھی برقرار رہے۔
ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے ٹرانس پشاور کو اضافی بسیں چلانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں اور والدین کو نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔