عالم کو حقیقی، مؤثر اور منصفانہ کثیرالجہتی نظام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، ایرانی وزیر خارجہ
تہران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کا بلاامتیاز نفاذ یقینی بنانا ہوگا، دنیا کو آج حقیقی، مؤثر اور منصفانہ کثیرالجہتی نظام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
’’اے کال فار اے گلوبل شفٹ‘‘ کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ دنیا کو عسکریت پسندی اور مداخلت پسندی سے پائیدار ترقی، قومی خودمختاری کے احترام، شہریوں کے تحفظ اور دیرپا امن کی جانب بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار سلامتی خطے سے باہر سے مسلط نہیں کی جاسکتی۔ خطے کے ممالک کو بیرونی طاقتوں کی مداخلت کے بغیر اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرنا ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے نقطۂ نظر سے پائیدار سلامتی فوجی طاقتوں یا غیر ملکی افواج کی خطے میں موجودگی سے نہیں بلکہ ممالک کے درمیان مذاکرات، اعتماد سازی، باہمی تعاون اور ایک دوسرے کے احترام کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔